کراچی (صباح نیوز)سات اکتوبر کو اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے کو ہے، ایک طرف دنیا کی سپر طاقتیں اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں اور دوسری جانب اسرائیلی جار حیت اور ظلم کے مد مقابل ستاون بے بس غلام مسلمان حکمرانوں کی بے حسی اور بے حمیتی ۔اسرائیل کی بدترین نسل کشی کے خلاف دنیا بھر کے باضمیر انسان احتجاج کررہے ہیں لیکن کوئی قانون ،کوئی ادارہ ایسا نہیں جو اسرائیل کو روک سکے اقوام متحدہ کے کردار نے واضح کردیا کہ وہ بے بس اور محض کٹھ پتلی ہے.
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب نے فلسطین میں جاری بدترین نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا رویہ نہایت افسوس ناک اور کردار شرمناک ہے دنیا بھر میں ہونے والے احتجاج اس بات کا مظہر ہیں کہ انسانیت کے ناطے وہ بھی اس ظلم کے خلاف اور فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت ہفتہ یکجہتی فلسطین منانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہونے والے فلسطین ملین مارچ میں خواتین کثیر تعداد میں شرکت کریں اور دنیا کو دکھا دیں کہ ہمارے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم اس ظلم پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شا اللہ صوبہ بھر کی خواتین پیر سات اکتوبر کو بارہ بجے گھروں سے نکل کر سڑکوں پر بڑی تعداد میں نکلیں گی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گی۔