کراچی(صباح نیوز) الخدمت کراچی کے تحت ”میگا پلانٹیشن ڈرائیو ”جاری ہے۔مہم کے دوران مزید ہزاروں پودے لگا دیے گئے ہیں ۔طلبہ،اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد اس مہم میں دلچسپی لے رہی ہے۔ الخدمت کی جانب سے گلشن اقبال کے گلشن پارک میں بھی پودے لگا ئے گئے ، پلانٹیشن ڈرائیو میں این ای ڈ ی یونیورسٹی کے طلبہ نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔
اس موقع پر چیئر مین پارکس گلشن ٹاؤن آصف عبد الکریم ، یوسی وائس چیئر مین آصف حسین اور ڈائریکٹر والنٹیئر مینجمنٹ وآرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین اور طلبہ نے پودے لگائے اور خصوصی دعا کی ۔انہوں نے کہا کہ الخد مت کی پلانٹیشن مہم قابل قدر ہے ،ہمیں مل کرماحول کو آلودگی سے بچانا ہوگا اور اپنے ملک اور شہر کو سرسرسبز وشاداب بنانا ہوگا ۔الخدمت نے اسلامی جمعیت کے اشتراک سے کالج آف ٹیکنالوجی( جی سی ٹی) میں پودے لگا ئے جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
امیر جماعت اسلامی سائٹ ویسٹ عبدالرزاق خان ، پرنسپل، جی سی ٹی کالج غلام رسول ، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ زون ویسٹ سمیر الحق نے جی سی ٹی کا لج میں پودے لگائے ،انہیں پانی دیا ۔ الخدمت کی جانب سے الخدمت پارک جناح ٹاؤن یوسی آٹھ میں چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع ,چیئرمین یو سی جناح ٹاؤن جنیدمکاتی نے پودے لگائے۔
عبدالرزاق خان نے گفتگو میں کہا کہ انسانی بقا کیلئے جہاں ہوااور پانی ضروری ہے ،وہیں صاف ستھرا و سرسبز وشاداب ماحول بھی نہایت ضروری ہے۔سرسبز وشاداب ماحول سے آلودگی سے درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔رضوان عبد السمیع نے کہا کہ ماحول کا انسانی زندگی پر بھی اثر ہوتا ہے۔ پورے شہر میں پودے لگا کر ماحول دوست اقدام پر الخدمت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ ماحول کو خوبصورت اور آلودگی سے پاک کرنے کیلئے اس مہم میں حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹانزاور یوسیز کو ااپنے طورپر اس طرح کی مہمات شروع کرنی چاہئیں تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔