سری نگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہید حسن نصراللہ کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب کا اانعقاد کیا گیا ۔ حسن نصراللہ 27 ستمبر کو لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملے میں شہید ہو گئے تھے۔
شیعہ ، سنی برادریوں نے سرینگر کے علاقے بمنہ میں مشترکہ طورپر فاتحہ خوانی کی تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقع پر مقررین نے حسن نصراللہ شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی عظیم قربانی کشمیریوںکے لیے تحریک کا باعث ہے۔
اسلامی اسکالر ڈاکٹر سمیر صدیقی نے کہا کہ ہمیں فرقہ وارانہ تقسیم سے باہر نکل کر آپسی اتحاد کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے ، اسی میں ہماری کامیابی ہے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے حسن نصراللہ شہید کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کیاجب کہ آغا روح اللہ نے کہا کہ حسن نصراللہ کی شہادت حق وصداقت کے لیے کھڑے ہونے والوں کو ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی۔