سری نگر— مقبوضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی دہلی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کیخلاف لداخ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔
وانگچک کو لداخ کے حقوق کیلئے لیہہ سے دہلی تک مارچ کی قیادت کے دوران اپنے سو سے زائد کارکنوں کے ہمراہ 30 ستمبر کو دلی بارڈر پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ہڑتال کی کال لیہہ اپیکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے وانگچک کی نظربندی کے خلاف ، لداخ کو چھٹے شیڈول کا درجہ دینے اور دیگر مطالبات پر زور دینے کیلئے دی تھی۔
وانگچک کی حمایت کے اظہار کے لیے لیہہ کے این ڈی ایس اسٹیڈیم میں لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن کے صدر چھیرنگ دورجے لکروک نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ناانصافی کے خلاف اتحاد واتفاق کی اہمیت پر زور دیا۔کارگل سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن سجاد کرگیلی نے وانگچک کو حراست میں لیے جانے کے بعد بھوک ہڑتال بھی کی۔
کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے وانگچک کی حراست کی مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی حقوق اور جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔