بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل طور پر فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے، شبیر شاہ


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے فوری کردار ادا کرے۔

شبیر احمد شاہ نے تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں بی جے پی حکومت کے کشمیر مخالف ایجنڈے پر تشویش کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بی جے پی ،آر ایس ایس کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا کے ایجنڈے پر عملدرآمدسے روکے۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ جنوبی ایشامیں پائیدار امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںو کشمیر کو مکمل طور پر فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں قابض بھارتی فورسز اہلکار انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی انتہا پسند بھارتی حکومت نے اگست 2019کے بعد کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے اور انہیں مکمل طور پر بے اختیار کر دیا۔شبیر احمدشاہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کی حساسیت کا ادراک کرے ،مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دباؤ ڈالے۔

یاد رہے کہ شبیر احمد شاہ اورکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو بالترتیب 2015 اور 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔