سری نگر— مقبوضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیا اور عالمی سطح پر امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت انہیں یہ حق دینے کے بجائے ان کی جدوجہد کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہاہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد
کے لیے فوری کردار ادا کرے۔