کراچی(صباح نیوز)بیت المقدس کے صیہونی قبضے سے نجات کے دن قریب ہیں۔اہل فلسطین کی قربانیوں جذبے اور بے مثال مزاحمت نے کفر کے ایوانوں میں ہلچل مچا دی ہے یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے طوفان الاقصی کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ جرات وہمت کی ایسی داستان زمین وآسمان نے کبھی نہیں دیکھی جس میں نومولود بچوں سے لے کر 80،90سال کے مرد و خواتین نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور انبیاء کی سرزمین کی حفاظت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمینی جنگ سے خائف بزدل دشمن کمزوروں پر اپنا غصہ نکال رہا ہے اور ہر طرح کے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ اور اقوام عالم کی خاموشی نے ظالم کو ظلم کیلئے آزادی دی ہوئی ہے۔بہت جلد فلسطین کی آزادی کا سورج طلوع ہونے کو ہے مسلمانوں کی نئی نسل ظلم کے آگے دیوار بنے گی اور دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ناظمہ کراچی نے پاکستانی عوام سے کہا کہ خدارا جاگیں اپنے حصے کا کام کریں 6 اکتوبر کے غزہ ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریں اور 7 اکتوبر کو اپنے اپنے گھروں دفتروں فیکٹریوں بازاروں سے باہر نکل کر اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں۔.