آئینی ترمیم کے نام پرآئین،پارلیمنٹ اور قوم کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے،محمد حسین محنتی

کراچی( صباح نیوز )  امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے نام پرآئین،پارلیمنٹ اور قوم کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے،یہ حکومت فارم 47کی پیداوار ہے ان کو مینڈیٹ نہیں ملا یہ مینڈیٹ چور ہم پر مسلط کئے گئے ہیں۔حکومت اوراس کے اتحادی ان ترامیم کے ذریعے مرضی کا جج لاکر اپنے پسند کے فیصلے کرانا چاہتے ہیں۔جس نے بھی آئینی ترمیم پر مہر ثبت کی وہ اپنے چہرے پر کالک ملے گا پاکستانی قوم کسی صورت انہیں معاف نہیں کرے گئی۔اس مفاد پرست ٹولے کو ملک میں مہنگائی بدامنی بیروزگاری اورسیاسی ومعاشی بے یقینی کی صورتحال ختم کرنے کی کوئی فکر نہیں ہے۔کراچی سے کشمورسندھ میں بدترین بدامنی اورعملی طور سندھ میں ڈاکوراج قائم ہے کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہے۔عوام صاف پانی سمیت صحت وتعلیم جیسی بنیادی سہولیات اور80لاکھ بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کنری کے موقع پراجتماع اورصحافیوں کے وفدسے بات چیت کے دوران کیا۔قبل ازیں انہوں نے الخدمت فائونڈیشن کے تحت بھٹائی کالونی میں جامع مسجد زرینہ کے کام کی تکمیل کے بعدافتتاح بھی کیا۔الخدمت سندھ کے نائب صدرحاجی محمد یونس،امیرضلع عمرکوٹ قربان علی گشکوری،جنرل سیکرٹری خلیل احمد ،کونسلر طحہ کھوکھر،علی محنتی،جمعیت کے ڈویژنل ناظم افروزاحسن ودیگر مقامی ذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے جس کے خلاف جماعت اسلامی میدان میں حافظ نعیم الرحمان پچیس کروڑعوام کا مقدم لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مساجد اللہ کے گھر ہیں جہاں انسان نماز کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی کبریائی اور اس کی خوشنودی کیلئے پانچ وقت اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہوکر سجدہ ریز ہوتا ہے،جو اللہ کے گھر کو آباد کرتے ہیں دنیا وآخرت میں کامیابی اوراللہ ان کے گھر بھی آباد رکھتے ہیں۔