کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی عوام کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے ، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے اداروں اور وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے ،16برس میں مسائل حل کرنے کے بجائے بڑھائے اور شہر کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ، پیپلز پارٹی کراچی دشمن پارٹی ہے اور صرف لوٹ مار کرنا جانتی ہے ، حکمرانوں سے عوام کا حق لینے کے لیے جماعت اسلامی کی مزاحمتی جدو جہد جاری ہے ، ممبر شپ مہم میں بھی عوام اور تاجروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور جماعت اسلامی کے ممبر بن رہے ہیں ۔ خواتین اور نوجوان بھی بڑی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی حکمرانوں سے عوام کا حق حاصل کر کے رہے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم کے سلسلے میں حیدری مارکیٹ ، نادرا میگا سینٹر کے قریب اور پاپوش نگر میں ممبر شپ کیمپوں کے دورے کے دوران کیمپوں پر موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن نے بھی خطاب کیا ۔حیدری مارکیٹ ممبر شپ کیمپ پر حیدری مارکیٹ مینجمنٹ کے صدر سید اختر شاہد،محمد ندیم و جاوید بھائی ، آل لیاقت آباد و حیدری جیولرز ایسوسی ایشن کے فراز احمد، آل حیدری بزنس ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سابق صدر سعید احمد اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور جماعت اسلامی کے ممبر بنے ۔ قبل ازیں حیدری مارکیٹ پہنچنے پر منعم ظفر خان کا تاجر رہنمائوں اور دکانداروں نے شاندار استقبال کیا اور ان کی آمد کا بھر پور خیر مقدم کیا ۔ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نچلی سطح پر ٹائون اور یوسی میں اختیارات منتقل نہیں کررہی ،جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود دس ماہ میں تقریباََ100پارکوں کو بحال کیا ہے ،38ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں ، اوپن ائیر جم بنائے گئے ہیں ،کھیلوں کے میدان اور پارکوں کو آباد کیا ہے ، اسکول اپ گریڈ کیے گئے ، جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے اختیارات ووسائل سے بڑھ کر عوام کی خدمت کررہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے ، اہل کراچی کو مایوس نہیں کریں گے ، اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے ، ہم اس اعتماد پر پورا اتریں گے ،
انہوں نے کہا کہ اس وقت تاجروں کا سب سے بڑا مسئلہ تاجر دشمن اسکیم ہے ،جس کے ذریعے ان کوپریشان کیاجارہا ہے ، جماعت اسلامی نے تاجروں کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک تاریخی ہڑتال کی ۔تاجروں اور عوام پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 138گاڑیوں کے لیے 2ارب روپے مختص کیے،جس کو جماعت اسلامی نے عدالت میں چیلنج کیا اور عدالت نے حکم امتناع جاری کیا ۔سندھ حکومت کو عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سر کار نہیں ،کراچی میں سڑکیں ٹوٹی ہیں ،گٹر بہہ رہے ہیں ، نلکوں میں پانی پہنچانے کے بجائے ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جارہا ہے اور اربوں روپے کمائے جارہے ہیں ، نعمت اللہ خان نے اہل کراچی کی بھرپور خدمت کی ، پانی کا کے تھری منصوبہ مکمل کیا اور کے فور شروع کیا لیکن ان کے بعد کراچی کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا ، ایم کیو ایم کے دو میئر ز آئے جنہوں نے سوائے اپنے مفادات سمیٹنے کے کچھ نہیں کیا ، 19سال ہوگئےK-4منصوبہ مکمل نہیں ہوا ، اب کہتے ہیں کہ 2025تک مکمل ہوجائے گا لیکن مکمل ہونے کے بعد بھی کراچی کو مکمل پانی دستیاب نہیں ہوگا کیونکہ پانی کی ترسیل کا نظام تباہ حال ہے ،
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ”حق دو کراچی تحریک ”وسیع ہو کر ملک بھر میں ”حق دو عوام کو تحریک” کی صورت اختیار کر گئی ہے ، راولپنڈی میں 14روزہ دھرنا پاکستان کے عوام کی دل کی آواز تھا، جس میں جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان ایک تحریری معاہدہ ہوا ، حکومت نے تحریری معاہدے کے باوجود خلاف ورزی کی ،فارم 47کی بنیاد پر مسلط حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ،متوسط اور غریب طبقے کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے ، گھروں کے کرایوں سے زیادہ بجلی کے بل آرہے ہیں ، لوگ مجبور ہوکر خود کشیاں کررہے ہیں ، اس ظالمانہ نظام کے خلاف جماعت اسلامی کراچی سمیت پورے ملک میں آوا ز بلند کررہی ہے ۔