حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر یکم تا 7 اکتوبرکوکراچی تاکشمور سندھ بھر میں مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائے گا،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر یکم تا 7 اکتوبرکوکراچی تاکشمور سندھ بھر میںمظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں سوموار 7 اکتوبر دوپہر 12 بجے قومی اظہار یکجہتی کے طور پر قریب ترین سڑک پر فلسطینی پرچموں کے ساتھ جنگ کی تباہی پر احتجاج کیا جائے گا۔صوبائی امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بیروت وغزہ پرصہیونی ننگی جارحیت کی مذمت اورمسلم حکمرانوں کی بے حسی کو شرمناک کردار قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان وغزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا کہ اقوام متحدہ عملی طورایک ناکارہ ادارہ ہے۔لبنان میں عالم اسلام کے بڑے قائدحسن نصراللہ کو شہیدکردیا گیا اس طرح کے انسانیت سوزمظالم کے باوجود امریکہ برطانیہ اور فرانس سمیت انصاف وانسانیت کے دعویدار ممالک مظلوموں کی بجائے جنگی جرائم میں ملوث صہیونی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج فلسطین ،کشمیر اور لبنان سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایہ جا رہا ہے۔ غزہ کو مٹی کا ڈھیر بنا نے کے بعد لبنان پر حملہ اور خالصتاًسول آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی رہنما حسن نصراللہ سمیت سینکڑوں بچوں ، خواتین کو شہید کیا گیا۔امریکہ سمیت طاقت ور قوتیں اسرائیل کی درندگی کو روکنے اور مظلوموں کی ہمدردی کے بجائے صہیوں وقابض ریاست اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں جس سے ان کادوہرا معیار کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ اس ساری صورتحال پرمسلم ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی بھی شرمناک وقابل مذمت ہے۔صوبائی امیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہفتہ یکجہتی کشمیر میں بھرپور شامل ہوکر جنگی جرائم  میں ملوث صہیونی ریاست کے خلاف اورمظلومین سے اظہار ہمدردی کریں۔