جلسے اپنے وسائل سے کئے، بی آر ٹی بسیں تو ساتھ نہیں لے کر گیا،علی امین گنڈا پور


پشاور(صباح نیوز)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جلسوں میں سب وسائل اپنے استعمال کر رہے ہیں، بی آر ٹی بسیں تو نہیں ساتھ لے کر گیا، مولانا فضل الرحمن، بلاول اوردیگر رہنما جلسے کررہے ہیں لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔

وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا نے میڈیا سے گفتگو  میں  کہا کہ ہماری لیڈر شپ جیلوں میں ہے، قوانین میں ترمیم کریں گے، بہترین انصاف کے لیے قوانین بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو طاقت کا غلط استعمال کرنے نہیں دیں گے، جو لوگ قانون توڑیں گے، ان کو سزا ملے گی،احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے ،ہمارا احتجاج اور جلسے ملک بھر میں جاری رہیں گے، قیادت کی جانب سے جہاں جہاں جانے کا حکم ملے گا ہم جائیں گے، وزیراطلاعات پنجاب کہتی ہیں کہ میں خیبر پختونخوا میں جلسہ کروں لیکن ہم پورے پاکستان میں جلسے کریں گے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوانے کہا کہ این او سی دیتے ہیں لیکن جلسہ کرنے نہیں دیتے، جلسوں میں سب وسائل اپنے استعمال کر رہے ہیں، بی آر ٹی بسیں تو نہیں ساتھ لے کر گیا،میں وزیر اعلیٰ ہوں اپنے وسائل ڈنکے کی چوٹ پر استعمال کروں گا، میری مشینری راستہ اس لیے کلیئرکرے گی کیونکہ میں اس صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن، بلاول اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنما جلسے کررہے ہیں لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے خود بولا کہ مجھے کہا گیا کہ ہی پی آئی کی حکومت ختم کرو، مولانا صاحب آپ مان گئے کہ امریکہ کے کہنے پر آپ نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہے۔انہوںنے کہا کہ غیر جمہوری طریقے سے آئے ہوئے لوگوں نے آئین کو تباہ کردیا ہے جب کہ یہ گولیاں اور تشدد ہمارا وقت ضائع کرسکتا ہے لیکن مقصد تبدیل نہیں کرسکتا۔وزیرِاعلی علی امین گنڈاپور  نے کہا کہ پبلک سیفٹی سے متعلق نظام لا رہے ہیں۔