عالمی برادری  جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی


سری نگر:جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوںکے قتل وغارت اور تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکولگام اور کٹھوعہ اضلاع میں کشمیری نوجوانوں کی حالیہ شہادتوںکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قابض افواج کی طرف سے بے گناہ شہریوں کا خون بہائے جانے سے حالات معمول کے مطابق ہونے کے مودی حکومت کے دعوے کی قلعی کھل جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیاں اس بات کی یاد دہانی کراتی ہیں کہ کس طرح قابض بھارتی فورسز معصوم شہریوں کو جعلی مقابلوں میں نشانہ بناتی ہیں۔ترجمان نے کشمیری نوجوانوں کی مسلسل خونریزی اور ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں معصوم شہریوں کا قتل عام بند کرے۔