لبنان،ورلڈ فوڈ پروگرام کا بے گھر افراد کو خوراک کی فراہمی کیلئے ہنگامی آپریشن شروع


بیروت (صباح نیوز)ورلڈ فوڈ پروگرام نے لبنان میں حالیہ کشیدگی سے متاثرہ 10 لاکھ افراد کو خوراک فراہم کرنے کے لئے ہنگامی آپریشن شروع کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق  لبنان میں پروگرام کے ڈائریکٹر میتھیو ہولنگز ورتھ کے حوالے سے بتایا کہ راشن، روٹی، گرم کھانے اور خوراک کے پارسل پناہ گاہوں میں موجود خاندانوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سال کے آخر تک 105 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے۔

پروگرام کے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور مشرقی یورپ کے لئے علاقائی ڈائریکٹر کورین فلیشر نے خبردار کیا ہے کہ لبنان تباہی کے دہانے پر ہے اور دوسری جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔حکومتی کرائسس سیل کے سربراہ اور لبنان کے وزیر ماحولیات ناصر یاسین نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے تقریباً10لاکھ لبنانی بے گھر ہو چکے ہیں ۔