بلوچستان میں ملٹری آپریشنز کی ضرورت نہیں،سرفراز بگٹی


کوئٹہ(صباح نیوز)وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ بلوچستان میں ملٹری آپریشنز کی ضرورت نہیں،جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے معصوم شہریوں کو ورغلایا جاتا ہے، ریاست باربار ماں کا کردار ادا کررہی ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے معصوم لوگوں کو ورغلایا جاتا ہے اور نوجوانوں کو ریاست کے سامنے کھڑا کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بلوچ بچیوں کے لئے  اعلیٰ تعلیم کا بندوبست کر رہے ہیں، آپ ان بچیوں کو اٹھا کر جنگ کے ایندھن میں دھکیل رہے ہیں، یہ لوگوں کو مار کر کیسے بلوچستان کی خدمت کر رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پنجگور میں افسوس ناک واقعہ ہوا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کوئٹہ میں ایک معصوم حجام کو مار دیا گیا۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میں اس بیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے یہ احساس کیا کہ وہ غلط راستے پر تھی۔انہوں نے کہا کہ والدین کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔

انہوں نے کہا ہم ہمیشہ سے بلوچستان میں فوجی آپریشنز کی مخالفت کرتے آئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کو ختم کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنا افسوسناک ہے، ریاست بار بار ماں کا کردار ادا کررہی ہے، بلوچستان کے حقوق کی بات آئین میں واضح ہے۔