معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے


اسلا م آباد (صباح نیوز)معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے، ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس کے علاوہ ڈاکٹر ذاکر کا استقبال کرنے والوں میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطاالرحمان اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری بھی شامل تھے، ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سکیورٹی میں اسلام آباد روانہ کیا گیا، وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے۔اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔آفیشل ایکس اکانٹ پر جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔