حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرخیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع  میں بھی مہنگی بجلی ،ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرے


پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پورے ملک کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع  میں بھی مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسوں اور آئی پی پیز کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

مردان میں  جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور دیگر نے مظاہرے کی قیادت کی۔ مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ اور موجودہ حکومتوں نے بجلی کے مہنگے معاہدے کیے۔ آئی پی پیز نے عوام نے خون کا چوسا، مہنگائی کم ہونے سے متعلق حکمرانوں کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں۔ شہباز شریف اور ان کی حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، ظالموں نے قوم پر اربوں کے ٹیکس نافذ کیے اور اپنے پسندیدہ لوگوں اور آئی پی پیز کو ٹیکس میں چھوٹ دی، آئی پی پیز کا دھندہ بند کرنا پڑے گا، عوام کو سستی بجلی دی جائے۔ عوام کا پیمانہ صبر جواب دے چکا ہے، یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔ جماعت اسلامی انارکی نہیں چاہتی اسی لیے عوام کو منظم کرکے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز معاہدے ختم کرے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تنخواہ دار طبقہ اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے، اسی طرح حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور سود کی شرح کو بتدریج کم کیا جائے۔ ان اقدامات سے ہونی والی اربوں روپے کی بچت کو بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ پٹرول کی قیمت کو عالمی منڈی کے مطابق لایا جائے اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جب بھی حکم دیا تو اسلام آباد کا گھیراؤ کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

اس سلسلے میں پشاور میں بھی مظاہرہ ہوا مظاہرے سے امیر ضلع بحراللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ملک کو ترقی کی بجائے انحطاط اور تنزلی کے راستے پر لے جارہے ہیں۔ حکمرانوں کے عیش و عشرت اور اللوں تللوں میں کوئی کمی نہیں آ رہی اور سارا بوجھ عوام اور تاجروں پر ڈال دیا ہے۔ آئی پی پیز کی وجہ سے بجلی مہنگی اور معیشت تباہ ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں آئی پی پیز جو بجلی بھی پیدا نہیں کر رہیں لیکن ان کو اربوں کے حساب سے ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔آئی پی پیز حکمرانوں کو کمیشن دیتے ہیں، حکمرانوں کی اپنی آئی پی پیز عوام کو لوٹ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں۔ سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کے تنخواہ دار ملازم بھی ٹیکسوں وجہ سے رل رہے ہیں۔ تجارت اور کاروبار کو سخت نقصان پہنچایا ہے، ٹیکسوں کی وجہ سے اشیا خور و نوش بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔ انھوں نے کہا ، حکمران برے انجام سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ پالیسیاں تبدیل کرلیں۔ ٹیکس کے نظام میں بنیادی تبدیلی لائی جائے، آئی پی پیز کو بلایا جائے اور جو بجلی نہیں بنا رہے ان سے معاہدے منسوخ کیے جائیں۔ مستقبل میں آئی پی پیز کا نظام سرے سے ختم کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سستی ترین بجلی بنا رہا ہے لیکن وہی بجلی ہمیں مہنگے داموں بیچی جا رہی ہے۔ حکومت نت نئے ٹیکس لگا رہی ہے۔ تاجروں کو مختلف قسم کے ٹیکسوں کے چنگل میں پھنسا رہی ہے۔ یہ سراسر ظلم ہے۔ حکومت اپنا قبلہ درست کرلے۔ حکمران معاہدے کی پاسداری کریں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی لائیں اور ظالمانہ ٹیکسوں کا خاتمہ کریں۔ دکانداروں اور تاجروں کو بھی مختلف قسم کے ٹیکسوں سے آزاد کریں۔ انھوں نے کہا کہ دوسری جماعتیں صرف لوٹ مار اور اپنے بینک اکانٹس بھرنے میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے غریب عوام کی آواز ہے۔ اس ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ جماعت اسلامی کرے گی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنان نے حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔ احتجاج کے موقع فلسطین کے مسلمانوں کے لئے دعا کرائی گئی۔ مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے خلاف صوبہ کے دیگر اضلاع بونیر، صوابی، سوات، لوئر دیر، اپر دیر، چترال، ایبٹ آباد، شانگلہ، بٹگرام، تورغر، مہمند، نوشہرہ، چارسدہ، ملاکنڈ، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرک، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور ہنگو سمیت دیگر اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے اور دھرنے ہوئے۔