شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن)برطانیہ کے وفد کی ملاقات


برطانیہ،کوٹلی(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ اور کشمیریوں کا آپس میں پیار،محبت،انس اور ہمدردی کا رشتہ ہے،تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ کی حکومت برسراقتدار آئی ہم نے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں اور آزاد کشمیر کے عوام کی جانی،مالی اور اخلاقی دل کھول کر مدد کی ہے،آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ دگنا بھی قائد  صدر میاں نواز شریف نے کیا تھا،دانش سکول کے قیام کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنا ہے،کوٹلی میں دانش سکول ہر صورت  بنائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں  نے مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے مرکزی صدر چوہدری عبدالرحمان سے ملاقات کے دوران کیا ۔ مسلم لیگ نون برطانیہ کے دیگرعہدیدار بھی موجود تھے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کشمیری برطانیہ میں مقدمہ کشمیر کے سفیر ہیں سچی بات ہے کہ جس جذبے سے سرشار مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف پوری دنیا میں احتجاج کرتے ہیں آپ مبارک باد کے مستحق ہیں، آپ ان مشکل حالات میں بھی اپنا سرمایہ پاکستان کی معشیت کو مضبوط بنانے کے لیے بھیج رہے ہیں اس سے آپ کی پاکستان سے محبت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے

اس موقع پرچوہدری عبدالرحمان نے کوٹلی آزاد کشمیر میں دانش سکول کے قیام کی باضابطہ منظوری دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں دورہ کوٹلی کی دعوت بھی دی اور برملا طور پر کہا کہ اپنے قائدمیاں نواز شریف،اور آپ کیلیے ہر کشمیری ہر طرع کی قربانی دینے کو تیار ہے