مظفر آباد (صباح نیوز) حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہاہے کہ شہید حسن نصراللہ انتہائی نڈر، ایثار و استقامت کے پیکر اور عزم و یقیں کا ہمالیہ تھے،عالمی استعمار کیلئے ڈراؤنا خواب اور برسر پیکار مجاہدین کے ہر دل عزیز قائد سید حسن نصراللہ بالآخر اپنی لخت جگر سمیت جام شہادت نوش کرکے خالق حقیقی سے جاملے۔
ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے پریس کے نام جاری اپنے ایک تعزیتی بیان میں کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہید حسن نصراللہ انتہائی نڈر،بیباک ،ایثار و استقامت کے پیکر اور عزم و یقیں کا ہمالیہ تھے جس کی ولولہ انگیز قیادت میں مجاہدین نے سرزمین بیروت کو استعماری قبضے سے آزاد کیا تھا ۔امیر حزب نے کہاکہ مرحوم قائد کے لہو کے ایک ایک قطرے سے ہزاروں قائدین و مجاہدین پیدا ہوتے رہیں گے جو قبلہ اول کی آزادی اور صیہونی قبضے کے اختتام تک مجاہدین کی قیادت اور معاونت کرتے رہیں گے ۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے مسلم دنیا بالخصوص عرب دنیا کے حکمرانوں کی پر اسرار خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عالم اسلام کے خاموش تماشائی بالخصوص بزدل عرب حکمرانوں کا اپنا رسوا کن عبرت ناک انجام دیکھنے سے پہلے اپنی ملی اور دینی ذمہ داریاں سمجھنے اور نبھانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ ملت مظلومہ و مجاہدین جموں و کشمیر ،لبنانی و فلسطینی بھائیوں کے اس کربناک درد و غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ سید صلاح الدین احمد نے شہید قائد اور دیگر شہدا کے بلندی درجات بلندی درجات اور غمزدہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل اور اجر عظیم کی دعا کی ۔