جماعت اسلامی آزاد خطوں سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے نظام عدل قائم کرے گی،ڈاکٹرمحمد مشتاق خان


سہنسہ (صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی آزاد خطوں سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے نظام عدل قائم کرے گی،موروثی سیاست کی علمبردار نالائق قیادت نے نہ تو بقیہ کشمیرکی آزادی کے لئے کوئی روڈ میپ بنایا اور نہ ہی آزاد خطوں کے عوام کے مسائل حل کئے ،ہمارے سیاستدان اپنی ذات سے اوپر نہ اٹھ سکے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے،ممبران سمبلی ریاست کو خودکیفل بنانے اور نوجوانوں کے روزگارکے لیے اقدامات اور قانون سازی کرنے کی بجائے لوکل گورنمنٹ کے منصوبے ہڑپ کرنے اورکرانے کے عمل سے باہر نکلنے کے لئے تیارنہیں ہیں،بلدیاتی نمائندوںکا کام ممبران اسمبلی اس لئے کررہے ہیںکہ سکیم خوروں کو پالنا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے وادی سہنسہ کے پریس کلب میں پریس کانفرنس خطا ب کرتے ہوئے کیا،صدر پریس کلب راجہ سلیم سینئر صحافی عبدلرحمان سمیت دیگر صحافی موجود تھے۔ پریس کانفرنس مرکزی سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکرخان ،ضلع کوٹلی اپر کے امیروچیئرمین یونین کونسل مشتاق نواز خان ،امیر ضلع کوٹلی لوئرممتاز ایڈووکیٹ موجود تھے۔

پریس کانفرنس میں ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاکہ جماعت اسلامی اسی پانچ لاکھ ممبران بناکر حقیقی تبدیلی لائے گی ،50ہزار نوجوانوں کو بنو قابل طرز پر ہنرمند بنا کر باعزت روزگار کے قابل بنائیںگے،جماعت اسلامی آزاد خطے کے نوجوانوںکو موروثی سیاست دانوں کی ایندھن نہیں بننے دیںگی،جماعت اسلامی نوجوانوں کو باعزت روزگار دے گی،ریاست کو خود کفیل بنائے گی ہمارے پاس انسانی اور قدرتی وسائل وافر موجود ہیںنااہل قیادت ان وسائل کو بروئے کا ر نہ لاسکی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قیادت نے آزاد کشمیرکے عوام کے ساتھ اسی طرح کا دھوکہ کیا جو شیخ عبداللہ نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ کیا،مقبوضہ کشمیرکی جماعت اسلامی نے شیخ عبداللہ کی غداری سے عوام کو نجات دلائی اور آزا دخطوں کی جماعت اسلامی یہاں کی موروثی قیادت سے عوام کو نجات دلائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ہزاروں لوگ وابستہ ہورہے ہیں،جماعت اسلامی زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ لوگوںکو اپنے ساتھ شامل کرکے حقیقی تبدیلی لائے گی۔