سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اورجموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے نیویارک میں ہونے والے کشمیر بارے رابط گروپ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انتخابی ڈرامے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے انتخابات کشمیر میں رائے شماری کا نعم البد ل نہیں ہوسکتے
جاری بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ اوآئی سی کے اعلامیہ میں کشمیریوں کے موقف کی بھرپور نمائندگی کی گئی ہے اور اسے کشمیرمیں نام نہاد انتخابات کے نام پر عالمی براداری کو گمراہ کرنے کی بھارتی حکومت کی مذموم کوشش ناکاہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بھرپور کردار کی وجہ سے اوآئی سی نے ہمیشہ کشمیرکے مسئلہ کو اجاگر کیا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے ۔
فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیرایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک منتازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے اپنی زیر نگرانی ایک آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے تعین کا حق دے رکھا ہے اور کشمیرمیں ہونے والے نام نہاد اسمبلی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں نہ ہی ایسے الیکشن کشمیرمیں رائے شماری کا نعم البدل ہوسکتے ہیں ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اوآئی سی مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے بھارت پر دباو جاری رکھے گی ، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، انہو ں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیر بارے حقائق تسلیم کرتے ہوئے اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت فراہم کرے ۔