صوابی (صباح نیوز)صوبہ پختونخوا کے شہر صوابی کے پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں رکھے بارود میں دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ کم از کم 17 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے سے اسٹیشن میں موجود بیرکس منہدم ہو گئے۔تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور ایک اہلکار شہید جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی پی او صوابی ہارون رشید نے بتایا کہ دھماکا مال خانے میں رکھے بارود میں ہوا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت میں لگی آگ کو ریسکیو اہلکار بجھانے میں مصروف ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے بیرکس منہدم ہوگئیں اور ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔دھماکے کے بعد صوابی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جبکہ ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی مراحل میں 8 زخمی منتقل کیے گئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ باچا خان اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اانتظامیہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی کی نگرانی کررہی ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق عمارت کے مال خانے میں دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا بارودی مواد شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے سے پھٹ گیا اور متعدد دھماکے ہوئے ہیں۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو فوری طور پر دھماکے کی جگہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔وزیر اعلی نے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کریں اور رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو فوری طور ریسکیو کاروائیاں شروع کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی