سری نگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ میں کم از کم 61 تعلیمی اداروں پر قبضہ جما لیا ہے جسکی وجہ ان اداروں میں درس و تدریس کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ان تعلیمی اداروں کو بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) ، جموںوکشمیر آرمڈ پولیس ( جے کے اے پی ) اور انڈین ریزرو پولیس (آئی آر پی) نے نام نہاد اسمبلی انتخابات کے سلسلے اپنے کیمپوں میں تبدیل کردیاہے۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے بھی فی الوقت ان تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تعلیمی اداروں کی بندش کا یہ نوٹیفکیشن 26 ستمبر سے 02 اکتوبر تک نافذ العمل ہے۔ مقبوضہ علاقے میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ01 اکتوبر کو ہوگا۔ جن سکولوںکو دو اکتوبر تک کیلئے بند کر دیا گیا ہے ان میں جی ڈی سی ٹنگمرگ، پٹن، اوڑی، بونیار، کریری، ایس ایس ایم کالج پریہاسپورہ، آئی ٹی آئی کرہار، پولی ٹیکنک کالج کنیسپورہ، نیدر فیلڈ اسکول، ایم ای ٹی سوپور اور ایس آر ایم ویلکن شامل ہیں۔