اسلام آباد (صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات مالم جبہ میں غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے پر دہشتگردانہ حملہ کے حوالے سے متعلقہ سفیروں کو اظہار یکجہتی کے خطوط ارسال کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات مالم جبہ جانے والے قافلے میں شامل 12 غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں ۔پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیزکے مطابق گورنر نے اپنے خط میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت اور اظہار افسوس کیا ہے۔
گورنر نے خط میں غیر ملکی سفیروں کے محفوظ رہنے پر اظہار تشکر اور قافلہ میں پولیس اہلکار کوشہادت پرخراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ گورنر نے اپنے خطوط میں غیر ملکی سفیروں کو جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کردیا کہ غیر ملکی سفیروں کو بہت جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کر کے صوبہ کا پرامن چہرہ دکھائیں گے۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی اور محبت کرنیوالے لوگ ہیں،صوبہ میں قیام امن یقینی بنانے کے ساتھ مالم جبہ واقعہ کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ غیرملکی سفیروں سمیت صوبہ کا دورہ کرنیوالے عالمی مہمانوں کو پرامن صحت افزا ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہوں، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ متذکرہ افسوسناک واقعات کو روکنے کیلئے مستقبل قریب میں اقدامات اٹھانا نہایت ضروری ہیں۔