بانی جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالمنان سپرد خاک

اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک آزادی گلگت بلتستان کے مجاہد، بانی امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالمنان کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں انتقال کر گئے تھے ۔ نماز جنازہ مرکز جماعت اسلامی آزاد کشمیر کھنہ میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدرخان سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر عالم ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان ،جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے  سابق امیرعبدالرشید ترابی،ڈاکٹر خالد محمود ،سردار اعجاز افضل خان ،غلام محمد صفی، ،مشتا ق ایڈووکیٹ ،شفقت خان،آفتاب عالم ایڈووکیٹ،الطاف بٹ  نے بھی شرکت کی ۔

نماز جنازہ میں آزاد کشمیرگلگت  بلتستان ، پاکستان سے ہزاروں افراد  موجود تھے ۔نماز جنادہ  بابا چلاسی  نے پڑھائی، مولانا عبدالمنان ریڈیو پاکستان کے  پروڈیوسر جاراللہ کے والد تھے۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر  کے سیکرٹری اطلاعات کے مطابق،مولانا عبدالمنان نے جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے بانی امیر کی حیثیت سے بے پناہ خدمات انجام دیں،گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کے حصول کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو فریضہ اقامت دین کے لیے تیار کیا ۔ مولانا نے گلگت بلتستان میں مسالکی ہم آہنگی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔