مقبول ترین پارٹی کو اسپیس نہ دینے سے غیر سیاسی قوتوں کو فائدہ ہوگا،بیرسٹرگوہر


 پشاور (صباح نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مقبول ترین پارٹی کو اسپیس نہیں دیں گے تو غیر سیاسی قوتوں کو فائدہ ہوگا۔

صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ جلسے کے لئے این او سی لیا ہے، یہ شرائط اس طرح کی رکھتے ہیں کہ جلسہ نہ ہو۔ یہ کوئی فلم شو نہیں کہ وقت دیا جاتا ہے، پھر بھی ہم نے اپنا جلسہ وقت پر ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی قیادت جلسے میں پہنچی۔ پختونخوا کی  قیادت اس لئے نہ پہنچ سکی کہ راستے بند تھے۔ پارٹی علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑی ہے ،یہ ترامیم اپنے لئے ہی کئے جارہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ سختیاں ختم ہوں گی تو معاملات آگے بڑھیں گے۔اگر مقبول ترین پارٹی کو سپیس نہیں دیں گے تو غیر سیاسی قوتوں کو فائدہ ہوگا، پاکستان میں مزید تجربات  نہیں ہونے چاہئیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئینی عدالتوں کا کوئی جواز نہیں، سپریم کورٹ کو مضبوط کریں، عدالت نے فیصلے میں لکھا تھا کہ وضاحت کے لئے چیمبر سے رجوع کریں۔الیکشن کمیشن نے چیمبر میں درخواست دی تھی، اس کے لئے عدالت لگانے کی ضرورت نہیں تھی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہر جلسہ اپنے وسائل سے کیا، کبھی سرکار کے وسائل جلسے کے لئے استعمال نہیں کئے ۔