پاکستان بات چیت سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر پختہ یقین رکھتا ہے،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے۔

امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ  اس دن کے موقع پر حکومت اور عوام جنگ و تنازعات سے پاک پرامن دنیا کے فروغ کیلئے عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، آج کے دن اقوام عالم کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے میں جموں و کشمیر کا تنازع ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے پائیدار حل کی بنیاد غیرجانبدارانہ رائے شماری اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن فلسطین کے معصوم لوگوں کی حالت زار کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہاک تھا کہ پاکستان امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے، مل کر کام کرنے سے ہی ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن کل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔