حماس کی صیہونی جنگی طیاروں کی جانب سے جنوبی بیروت پر کیے جانے والے وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت

غزہ (صباح نیوز)تحریکِ مزاحمتِ اسلامی (حماس)نے صیہونی دشمن کے جنگی طیاروں کی جانب سے جنوبی بیروت کے گنجان آبادی والے علاقے پر کیے جانے والے وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔آفیشل ویب سائٹ پر تحریک جماس کے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم اس بزدلانہ کارروائی کو صیہونی ریاست کے جاری جرائم کا تسلسل، لبنانی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی اور صیہونی جارحیت میں ایک نیا خطرناک اضافہ قرار دیتے ہیں۔صیہونی حکومت کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بمباری، شہری ذرائع ابلاغ کی تباہی اور نہتے عوام کے خون سے ہولی کھیلنا،

خواہ لبنان میں ہو یا غزہ میں ہونے والے قتلِ عام اور مغربی کنارے پر جاری ظلم و ستم کی صورت میں، تمام انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ تمام کاروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں، اور عالمی برادری پر لازم ہے کہ ان وحشیانہ اقدامات کو فوری طور پر روکنے کے لیے قدم اٹھائے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ بیان میں حماس نے کہا ہے کہ ہم حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت میں شامل اپنے بہادر بھائیوں کی جراتمندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، اور ان کے فلسطینی عوام کے دفاع میں ثابت قدمی پر مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ فاشسٹ جارحیت اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہ ہوگی، اور مزاحمت آزادی اور علاقے سے صیہونی منصوبے کے مکمل خاتمے تک اپنے راستے پر رواں دواں رہے گی۔