مانچسٹر(صباح نیوز) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ سے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی مرضی کی ظالم حکومت مسلط کرنا چاہتا ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کے تمام عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے علاوہ کسی طرح کے انتخابات کو قبول نہیں کریں گے۔ برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کے حوالہ سے مداخلت کرے ۔ جب تک ریاست جموں وکشمیر کی تمام اکائیوں میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے نہیں ہوتا اس وقت تک کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جد و جہد جاری رکھیں گے۔
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت، برطانوی وزیر اعظم، برطانوی نائب وزیر اعظم، برطانوی وزیر خارجہ، برطانوی پارلیمنٹ میں قائم مختلف کمیٹیوں کے سربراہوں اور آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے عہدیداروں کو خطوط کے زریعے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کے حوالہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دس لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی اور تیس لاکھ سے زائد غیر ریاستی باشندوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کو پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری یکسر مسترد کرتے ہیں۔ پریس ریلیز کے مطابق برطانیہ کے عام انتخابات کے بعد مختلف شہروں میں برطانیہ کی سیاسی جماعتوں کی سالانہ کانفرنسوں میں شریک ہو کر بھارت کے انتہائی خطرناک اور جارحانہ عزائم سے برطانوی پارلیمنٹ برطانوی حکومت برطانوی ممبران پارلیمنٹ برطانوی وزرا اور دیگر اداروں کو آگاہ کیا جائے گا اور جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے برطانوی حکومت، برطانوی وزیر اعظم، برطانوی نائب وزیر اعظم، برطانوی وزیر خارجہ، برطانوی پارلیمنٹ میں قائم مختلف کمیٹیوں کے سربراہوں اور آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے عہدیداروں کو خطوط کے زریعے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کے حوالہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے اس سلسلہ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران اگلے ہفتے برطانیہ کے شہروں اولڈھم، لیورپول، مانچسٹر، لوٹن، برمنگھم، لندن اور دیگر شہروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کر یں گے تا کہ کشمیری نوجوانوں، خواتین اور ہم خیال گروپوں کو متحرک کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے عام انتخابات کو مسترد کر کے رائے عامہ ہموار کی جا سکے۔
اس سلسلہ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں کا ایک وفد تحریک کے سربراہ راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان کی قیادت میں برطانوی پارلیمنٹ کی قائد ایوان لوسی پاول ایم پی کے ساتھ ملا اور دوران ملاقات مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھات کے جانبدارانہ ظالمانہ عام انتخابات کے بارے میں بریفنگ دی اور ان سے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دیگر برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر کشمیریوں کی اس تحریک میں ان کی معاونت کریں تا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے عام انتخابات کو روکا جا سکے اور وہاں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کروایا جا سکے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک کے عہدیداران جہاں ماضی میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ایک بھرپور عملی کردار ادا کرتے رہے ہیں وہیں مختلف کشمیری تنظیموں کے ساتھ مل کر یورپی ممالک کے دارالحکومتوں، مختلف پارلیمانوں میں مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے عام انتخابات کے خلا ف انتہائی متحرک اور بھرپور مہم چلائیں گے اس سلسلہ میں آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان سے آنے وفود کی صلاحیتوں سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا اور جہاں جہاں بھی کشمیری تنظیمیں کام کر رہی ہیں
ان کے ساتھ مل کر وہاں کے مقامی سیاستدانوں کے ساتھ مل کر ان کو اس بات سے آگاہ کیا جائے گا اور آمادہ کیا جائے گا کہ وہ اپنی اپنی پارلیمنٹ کے اندر اپنی حکومت کے اندر اپنے ملک کے اندر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی ظالمانہ، غیر منصفانہ اور جابرانہ انتخابات کو بھی بے نقاب کریں اور حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں تا کہ جو ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھارت کشمیریوں کے خلاف کر رہا ہے انہیں فوری طور پر بند کروایا جا سکے۔ اس سلسلہ میں تحریر کردہ خط میں راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم، وزرا اور ممبران پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لئے اپنا ایک موثر کردار ادا کریں اور تحریکی عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ برمنگھم اور برائٹن میں ہونے والی سیاسی جماعتوں کی سالانہ کانفرنسوں میں شریک ہو کر اراکین پارلیمنٹ، ان کے نمائندوں اور مختلف موضوعات پرہونے والی کانفرنسوں، سیمینارز اور دیگر پروگراموں میں شریک ہو کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی چنگ سے آزادی دلوانے کے لئے سب کو اپنا ہمنوا بنائیں۔