پی ٹی آئی کو لاہور جلسے کی اجازت مل گئی، مقام تبدیل

 لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کو ضلعی انتظامیہ نے جلو پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔عدالتی حکم کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کی اجازت نامہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق پی ٹی آئی مینار پاکستان کے بجائے اب جلو پارک میں جلسہ کرے گی۔انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کیلیے دوپہر 2 بجے سے شام پانچ بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں درجنوں اراکین پنجاب اسمبلی نے مینار پاکستان جلسہ گاہ کا دورہ کیا جہاں دروازے پر تالا لگا ہوا تھا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے پی ٹی آئی رہنماں کو داخلے کی اجازت نہیں دی۔ادھر پی ٹی آئی کے لاہور جلسے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی اور اس نے مینار پاکستان میں تمام شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام گیٹس پر تالے لگا دیے جبکہ مینار پاکستان جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرزرکھ دیے اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کی لاہور جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخواکی قیادت میں قافلہ کل صبح صوابی سے روانہ ہوگا جبکہ پی ٹی آئی قیادت نے ہرامیدوار کو 500 کارکن کوساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلے کی قیادت وزیراعلی کریں گے جبکہ حکام نے رکاوٹیں ہٹانے والی مشینری بھی ساتھ لیجانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف نے کہا کہ لاہور جلسے کے لیے خیبر پختونخواسے تیاریاں مکمل ہیں، صوابی سے عوام کا سمندر لاہور کی طرف رواں دواں ہوگا، جعلی حکومت عوامی سمندر کاراستہ روکنے کیلییرکاوٹیں کھڑی کرنیکی حماقت نہ کرے، مریم نواز اپنے اعصاب پر قابو رکھیں۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کوشام پانچ بجے تک تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی تھی۔ عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست پر تحریری فیصلہ بھی جاری کیا جس میں جسٹس فاروق حیدر نے لکھا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور قانون کے مطابق شام پانچ بجے تک درخواست پر فیصلہ کریں۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جلسہ روکنے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت ہے اس لیے اس کو نمٹایا جارہا ہے،دوسری طرف پاکستان تحریک انصافنے لاہور جلسے کے لیے جاری کیا گیا این او سی مسترد کردیا۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے پی ٹی آئیکو لاہور کے جلو پارک میں جلسہ عام کی اجازت دے دی ہے، تاہم ساتھ ہی شرائط بھی عائد کی گئی ہیں کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اسلام آباد جلسے میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں۔ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ لاہور میں جلسہ عام کے حوالے سے ایس او پیز طے ہونے کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم جلسہ کی جگہ کے تعین کے لیے انتظامی افسران کے درمیان مشاورت جاری رہی، جس کے بعد انتظامیہ نے جلو پارک میں پی ٹی آئی کو جلسہ عام منقعد کرنے کی اجازت دے دی