کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے اور یہ تحریک ظالموں، جاگیرداروں اور وڈیرہ شاہی ذہنیت کے خلاف ہے، یہ ذہنیت کراچی کے وسائل پر قابض ہو کر مسلسل شہر کو برباد کر رہی ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وسیع ہو کر ملک گیر سطح پر حق دو عوام کو تحریک بن گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر کے دورے کے موقع پر قائدآباد اور گلشن حدید میں ممبر سازی کیمپوں پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام، سیکرٹری ضلع کامران نواز بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلسل 16 سال سے سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن کراچی آگے بڑھنے کے بجائے آثارِ قدیمہ کا منظر پیش کر رہا ہے،معمولی سی بارشوں میں پورا شہر ڈوب جاتا ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، بجلی اور پانی ناپید ہے، کے الیکٹرک کی لوٹ مار عروج پر ہے،مہنگائی،بے روزگاری نے شہریوں کا جینا مشکل کردیا ہے، عوام کو اب جاگنا ہوگا،آخر کب تک ان چوروں، لٹیروں اور وڈیروں و جاگیرداروں کے ہاتھوں یرغمال بنے رہیں گے۔ جماعت اسلامی کراچی نے ساڑھے تین کروڑ عوام،شہر کو حقوق دلانے کا عزم کیا ہے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کراچی کے لوگوں کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ چور دروازے سے میئر بننے والے قابض میئر سے شہر سنبھالا نہیں جارہا۔ ہر نیا دن شہر کو آگے لے جانے کے بجائے پیچھے دھکیل رہا ہے، شہر کو برباد کرنے کے جرم میں قابض میئر مرتضی وہاب ان کی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ جنہوں نے فارم 47 سے جنم لیا ہے برابر کے ذمہ دار ہیں، کراچی کے نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر اور طاقت بن کر حکمرانوں سے اپنا حق لیں گے۔جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو دیانت دار ہے خدمت گار ہے عوام کے درمیان موجود ہے اور عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ محمد اسلام نے کہا کہ ضلع ملیر میں بڑے پیمانے پر ممبر سازی کرکے نوجوانوں کو ساتھ ملا کر ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک بڑے انقلاب کے لئے آگے بڑھیں گے۔دوسری جانب
جماعت اسلامی کے نیو کراچی ٹائون چیئر مین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کوششوں اور محنت سے نیو کراچی کے عوام کے لیے پانچ پارکوں کا تحفہ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف،وائس ٹاؤن چیئرمین شعیب بن ظہیر ودیگر ذمہ داران کے ہمراہ جمعہ کو پانچ پارکوں کا افتتاح کیا۔ان پارکوں میں جیلانی پارک 5G،خضراء پارک سیکٹر 5F، اسلامیہ پارک 11F، 11Dپارک ، 5Eپارک شامل ہیں ۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جن کی جانب سے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا گیا اور پارکوں کے افتتاح پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ سیکٹر 11F میں پارک کو جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
منعم ظفر خان نے افتتاح کے بعد نیو کراچی کے عوام و میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت نے بارشوں سے قبل 4 ارب روپے سے سڑکوں کی مرمت کا کام کروایا لیکن تھوڑی سی بارش کے بعد یہ ساری سڑکیں بہہ گئیں۔کراچی میں بلدیات کے حوالے سے جو مسائل ہیں اور شہر کی جو بدتر صورتحال ہے اس پر پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر بلدیات کو استعفیٰ دے دینا چاہیے تھالیکن وہ بدستور اپنے عہدے پر براجمان ہیں ، قابض میئر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین ہیں، پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل حل کرناان کی ذمہ داری ہے لیکن ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پانی اور سیوریج لائین کے کئی مسائل جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین نے حل کیے ہیں۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز چیئرمینز اختیارات کا رونا نہیں رورہے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے عوام سے جو وعدے کیے تھے اسے پورے کررہی ہے۔نیو کراچی کے عوام کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے 5 پارکوں کا تحفہ دیا جارہا ہے۔ گزشتہ 10 ماہ میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز چیئرمینز نے شہر میں 100سے زائد پارکوں کا افتتاح کیا ہے۔ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ، عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
جماعت اسلامی نے تباہ حال اور کچرا کنڈی بننے والے پارکوں کو از سر ِ نو تعمیر و تزئین و آرائش کر کے عوام کو ریلیف دیا ہے۔جماعت اسلامی کی ٹاؤن و یوسی چیئرمینز شبانہ روز محنت کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں ۔ ٹاؤن کی انتظامیہ ودیگر ذمہ داران نے پارک بنائے ہیں اب اہل نیو کراچی ان سے استفادہ کریں اور ان پارکوں کی حفاظت بھی کریں۔ محمد یوسف نے افتتاح کے موقع پر شرکاء و میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا ٹائون اور ہماری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جس کے تعاون سے نیو کراچی میں پارکوں کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ نیو کراچی میں سڑکوں کی مرمت کا کام بھی کروایا جائے گا۔ جماعت اسلامی کی تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہے گا۔ ہم نے انتخابی مہم کے موقع پر کہا تھا کہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور ہم کر رہے ہیں ، ہم نے اپنے بجٹ سے وہ کام بھی کرائے ہیں جو ہماری ذمہ داری نہیں تھی ۔#