ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے جی پی او چوک پر قائم کیمپ میں باقاعدہ افتتاح کیا۔انہوں نے کہا اس موقع پر عہدے داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن نہیں ظلم و جبر کا دور دورہ ہے کیوں کہ جنرل پرویز مشرف کے دور کی پالیسیاں جاری ہیں۔پی پی و ن لیگ وہی پالیسیاں نافذ کیے ہوئے ہیں۔
جماعت اسلامی ظلم پر مبنی پالیسیوں کی مخالفت کر رہی ہے اور حکمران چوری کر کے سینہ زوری بھی کر رہے ہیں اور ہمیں ڈرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالیں گے۔آئی پی پیز کے ظلم و جبر کا دفاع کرنے والے اب بجلی کے ٹیکسوں میں کمی کرنے پر عوام کو خوش خبری سنا رہے ہیں۔ابھی ابتدا ہے۔یہ سلسلہ آگے بڑھے گا اگر عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے تو زیاتیاں مزید کم ہوں گی ۔کارکنان لوگوں کو ممبر بنائیں۔ممبر بننے کا مقصد ظلم کے نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی مدد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مظلوم مسلمانوں کا عملی طور پر کوئی ساتھ نہیں دے رہا۔ہم مسلم حکمرانوں کی غیرت و حمیت کو جگانا چاہتے اور فلسطین پر اسرائیل کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔اسرائیل امریکا و برطانیہ کی ناجائز ریاست ہے۔ہم اسے تسلیم نہیں کرتے۔ملک میں عدل و انصاف کا نظام لانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی خاطر جماعت اسلامی متحرک و فعال ہے کیوں کہ مقتدر لوگوں کو سب کچھ میسر ہے مگر عوام محروم ہیں۔اگر مقتدر لوگوں کی عیاشیاں ختم کر دی جائیں تو ملک میں امن، ترقی و خوشحالی آئے گی۔ہم ان سے عوامی حقوق چھینیں گے۔ضلعی امیر منظر مسعود خٹک نے کہا کہ ممبر سازی مہم کا باقاعدہ افتتاح ہو چکا ہے۔اب کارکن گھر گھر جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر و وزیر اعلی’ ڈیرہ سے تعلق رکھتے ہیں مگر عوام بجلی و گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لہذا شہری جماعت اسلامی کی ممبر شپ لیں اور زیادتیوں کے خلاف اس کے دست و بازو بنیں۔اس موقع پر شعیب اعوان کی قیادت میں جماعت اسلامی ڈیرہ کے حلقہ نوجوانان کی نئی کابینہ کی حلف برداری بھی کی گئی۔پروفیسر محمد ابراہیم نے حلف لیا۔ضلعی جنرل سیکرٹری اسد جان،سابق امرا اور دیگر عہدے داران زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، مولانا سلیم اللہ ارشد،محمد بشیر ہرگن،عبدالمتین بابڑ،قیصر نواز بلوچ ایڈوکیٹ،محمد نعمان سدوزئی بھی موجود تھے۔