وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کا ٹیلی فون پر رابطہ

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم نے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں سموئہ میں ہونے والے دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔وزیرِ اعظم نے اس موقع کو تاریخی قرار دیا کیونکہ یہ شاہ چارلس کی بادشاہت کے بعد پہلا دولتِ مشترکہ اجلاس ہوگا جس کی صدارت وہ خود کریں گے۔  وزیرِ اعظم نے پاکستان کے دولت مشترکہ اور اسکے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا.

انہوں نے کہا کہ سموئہ میں CHOGM دولتِ مشترکہ کے ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ دے گا.   شاہ چارلس سوئم کی ماحولیاتی امور میں خصوصی دلچسپی اور موسمیاتی پائیداری کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے قائدین کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا، وزیرِ اعظم نے بادشاہ چارلس سوئم کی صحت کے بارے دریافت کیا اور شہزادی ویلزکے علاج کی تکمیل پر نیک خواہشات کا اظہار کیا.    بادشاہ چارلس سوئم کے پاکستان کے گزشتہ دورے، جب وہ ویلز کے شہزادے تھے، کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ اور عالیہ مرتبت ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے