چیئرمین ایچ ای سی سے تمام اختیارات واپس


اسلام آباد (صباح نیوز)حکومت نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے تمام اختیارات واپس لے لئے۔وزارت تعلیم کی تحریک کو ایچ ای سی کے21رکنی کمیشن سے منظور کرالیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین کے تمام اختیارات عبوری ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے سپردکردیئے گئے۔ تحریک میں کہا گیا تھا کہ جب سے اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے پر بحال کیا ہے وہ اپنے اختیارات سے تجاوزکر رہے ہیں۔

وزارت تعلیم کی تحریک کی منظوری کے بعد چیئرمین ایچ ای سی کے تمام اختیارات نگران ایگزیکٹو ڈائریکٹر شائستہ سہیل کو دے دیئے گئے  جبکہ نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کے حوالے سے کئے جانے والے انٹرویوز کو بھی کالعدم قراردے دیا گیا ۔کمیشن کے21میں سے14ارکان نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا۔