اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر ،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نمبرزپورے ہونے پر تحریک عدم اعتماد لائیںگے،پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم خود چھوڑی۔
انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب نمبر پورے ہوں گے تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے، اپوزیشن جماعتیں پارلیمان میں ایک ہیں، عدم اعتماد بتایا نہیں جاتا لایا جاتا ہے، پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم خود چھوڑی، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم میں شامل ہونا چاہتی ہے تو اعتماد بحال کرے، پارلیمان سے باہر پیپلزپارٹی نے اپنے راستے خود جدا کیے۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد احتساب کے نظام کا آج چوتھا سال ہے، نیب کا کام ہائوسنگ سوسائٹیز کو چلانا ہے تو اسی پر لگا دیں، نیب سیاستدانوں کو بدنام کیوں کرتا ہے ؟ آج پانچواں ماہ ہے، چیئرمین نیب روزانہ کی اجرت پر کام کر رہے ہیں، کیسز کی حقیقت عوام کے سامنے رکھیں گے، ن لیگ کی حکومت کے منصوبوں میں کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، آج کون سا محکمہ ہے جہاں کرپشن نہیں، ایک لمبی فہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مشیر احتساب اپنے اثاثے عوام کے سامنے لائیں، اداروں کے افسران قانون کے دائرے میں رہیں، اداروں کے افسران کو جو استثنیٰ حاصل ہے وہ ایک آرڈیننس کی مار ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کرتا ہے، حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سیلاب تلے تباہ کر دیا، یہی رفتار رہی تو حکومت کرپشن میں دنیا کی نمبر ون حکومت ہوگی، نیب نے کوئی ریکوری نہیں کی، کسی کو نہیں پکڑا۔