جامعہ پشاور میں مالی بحران سے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی افسوسناک ہے۔وسیم حیدر


پشاور(صباح نیوز) ناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخوا وسیم حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ جامعہ پشاور میں مالی بحران کی وجہ سے  ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی افسوسناک ہے۔ صوبہ کا سب سے بڑا اور تاریخی جامعہ صوبائی حکومت کی غفلت کی وجہ سے گزشتہ کئی سالوں سے مالی خسارے کا شکار ہورہا ہے۔ صوبائی حکومت جامعہ پشاور کے مالی اور انتظامی بحران کا اصل ذمہ دار ہے۔

صوبائی حکومت کی غفلت اور نااہلی کی وجہ گزشتہ دو سالوں سے 26 جامعات مستقل وائس چانسلرز سے محروم ہے جبکہ صوبہ کے اکثر جامعات مالی بحران سے گزر رہے ہیں۔مذکورہ مسائل کی وجہ سے معیار تعلیم شدید متاثر ہوا ہے۔حکومت جامعات کو مطلوبہ فنڈز مہیا کریں اور جامعات میں وائس چانسلرز سمیت دیگر انتظامی مسائل کو فوری حل کریں۔معیار تعلیم بہتری، اختیارات کے توازن اور شفافیت کیلئے طلبہ یونین کوفوری بحال کیا جائے۔اگر تعلیمی مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت نے سنجدہ اور فوری اقدامات نہیں کیں تو پھر صوبہ بھر کے طلبہ اور ملازمین کیساتھ مل کر حکومت کے خلاف پشاور مارچ کریں گے ۔