اسلا م آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کپاس کے معیاری بیج کی پیداوار کو جلد ممکن بنانے کے لیے بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے اور کپاس اگانے والے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نئے قوانین بنانے کی منظوری دے دی ،
یہ منظوری وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں زراعت بالخصوص کپاس کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے اجلاس کے دورا ن دی گئی ،اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت ترین، سید فخر امام، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیر زراعت پنجاب سیدحسین جہانیاں اور سینئر حکام شریک ہوئے،اجلاس میں پاکستان کاٹن اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔
اتھارٹی معیاری بیج کی فراہمی، مانیٹرنگ اور پیداوار بڑھانے کے لیے تحقیق کرے گی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے اس وقت 4.17ملین ٹن گندم کا اسٹاک موجود ہے۔ کھاد پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر 15.5 ارب روپے سبسڈی فراہم کر رہی ہیں۔وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق فارمرز فورم کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ کر رہے ہیں۔
اس فورم کا مقصد پالیسی امور میں کسانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانا اور ان کے مسائل جلد حل کرنا ہیں۔وزیر اعظم نے قومی کپاس کانفرنس منعقد کرانے کی منظوری بھی دی۔ وزیر اعظم نے وزارت صنعت کو ہدایت کی کہ ملک میں کھاد کی مقامی پیداوار کے لیے پلانٹس لگانے کے لیے فیزیبیلٹی مرتب کی جائے،
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ حکومت کسانوں کو جدید زرعی آلات، معیاری بیج اور کھاد پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کسان کارڈ کی بدولت سبسڈی کا اصل فائدہ کسان کو ملنا چاہیے۔ عمران خان نے کہاکہ کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نئے قوانین بنائے جا ئیں اور تمام شراکت داروں سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے