لاہور ( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور ڈائیوو پاکستان ایکسپریس کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب الخدمت کمپلیکس لاہورمیں منعقد ہوئی۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبد الشکور اور سی ای او ڈائیووپاکستان ایکسپریس فیصل صدیقی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان شاہد اقبال،ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، جنرل مینجر ماس میڈیا عمیر ادریس، نائب صدر ڈائیوپاکستان ایکسپریس ساجد خان سمیت الخدمت اور ڈائیووپاکستان کے ذمہ داران شریک ہوئے۔
معاہدے میں باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔الخدمت کے مرکزی صدر عبد الشکور نے اس موقع پر کہا کہ ہم ڈائیووپاکستان ایکسپریس کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو خدمت کے اس عظیم مشن میں ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت ملک بھر میں بلا تفریق رنگ ونس اور مذہب خدمت کے میدان میں سرگرم عمل ہے۔ وہ ادارے جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں، ان کا آپس میں اکٹھے ہونا خوش آئند ہے۔
سی ای او ڈائیوفیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی ملک بھر میں کی جانے والی خدمات نہ صرف قابل تعریف ہیں بلکہ قابل تقلیدہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں بڑی خوشی ہے کہ ہم الخدمت جیسے مثالی ادارے کے ساتھ خدمت خلق کے ساتھ مل کر فلاح کے کاموں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔ تقریب کے اختتام پر ڈائیو پاکستان کے وفدنے الخدمت کمپلیکس کا دورہ کیا اور مختلف ذمہ داران سے ملاقات کی۔