سری نگر— مقبوضہ جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ لوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے سے امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
محمد یوسف تاریگامی نے ضلع کولگام میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور اسے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متحدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمارے مستقبل کا سوال ہے، ہمارے نوجوان جیلوں میں ہیں اور ان کے
خلاف ایف آئی آر درج ہیں۔ اس کا جواب مراعات یا دھمکیاں نہیں بلکہ ایک متحدہ جدوجہد ہے۔
موجودہ نظام کو بے نقاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاقت کے وحشیانہ استعمال اور لوگوں کو خاموش کرنے سے امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو دباکر خاموش کرنا امن نہیں ہے اور خاموشی کا مطلب رضامندی یا آمادگی نہیں ہے۔
یوسف تاریگامی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں انہوں نے بھارت کی مختلف ریاستوں میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان فیصلوں کے خلاف آوازاٹھائی جو ہماری شناخت کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔