پاکستان ہی کشمیریوں کی امیدوں کاواحد مرکز ہے۔ فریدہ بہن جی

 سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما وجموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیرپرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے یوم دفاع پاکستان پر1965کی جنگ کے دوران مادروطن کادفاع کے لئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے کے عظیم ہیروز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے  کہا ہے کہ 6ستمبر کو پاکستان کی قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت ہے، اس دن پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ،یوم دفاع پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ  6ستمبر1965 کو پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا۔ اس دن بہادر پاکستانی شہریوں نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا اور یہ جنگ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدو جہد تھی جو آنے والی نسلوں کے لئے مشعل ِ راہ کا کام کرتی رہے گی۔ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم خراج عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ  در حقیقت 6ستمبر  پاکستان کی قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب پاکستان کی بہادر قوم اور پاک فوج نے اس موقع پر قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

فریدہ بہن جی نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان نہ صرف خطے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے بلکہ کشمیری عوام کی جائز تحریک آزادی کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر خطے میں پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی ہے اورہر عالمی اور علاقائی فورم پر کشمیر کاز کو اجاگر کرتا ہے،سینئر حریت رہنما نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کو کشمیریوں کی حمائت سے دستبردار کرانے کے لئے کئی جنگیں مسلط کیں اور پاکستان کے خلاف مختلف سازشیںکرتا آیا ہے لیکن بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوچکی ہیں اور پاکستان کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے انہو ں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں کی حمائت جاری رکھے گااور ایک فریق کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لئے اپنا بھرپور کردار اداکرے گا،پاکستان ہی کشمیریوں کی امیدوں کاواحد مرکز ہے اور اسی امید کے سہارے کشمیریوں کی اس وقت بھی تمام ترنظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں؛  یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے ۔ مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا  اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہدا منایا جاتا ہے۔ 58سال قبل آج ہی کے دن ہماری مسلح افواج اورپوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی جرات اور بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا تھا۔