سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں،محمد حسین محنتی

 حیدر آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ صاف پانی سے ہی صحت مند زندگی وابستہ ہے اور الخدمت لوگوں کو صاف پانی دینا چاہتی ہے تاکہ صحت مند زندگی کا وجود برقرار رہ سکے سول اسپتال حیدرآباد میں پہلے بھی الخدمت کے پلانٹ لوگوں کو صاف پانی فراہم کر ر ہے ہیں سول اسپتال حیدرآباد میں سندھ بھر سے مریضوں کی بہت بڑی تعداد علاج کے لیے آتے ہیں لیکن سول اسپتال حیدرآباد کی OPDمیں مسلسل مریضوں کے اضافے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن نے مریضوں کے لیے پینے کا صاف پانی کا ایک اور واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایاہے جس سے ہزاروں افراد مفت صاف پانی سے مستفید ہوں گے ، ا لخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کے لیے بلاتفریق رنگ و نسل اورمذہب سرگرم ہے۔ الخدمت ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے الخدمت فاؤنڈیشن کی صحت،تعلیم،صاف پانی کی فراہمی سمیت قدرتی آفات میں خدمات ناقابل فراموش ہیں،جماعت اسلامی الخدمت کے رضاکار بغیر کسی لالچ کے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔یہ بات انہوں نے الخدمت کے تحت سول ہسپتال حیدرآباد میں  ROواٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد کے تحت سول اسپتال OPDمیں نصب کیے جانے والے RO واٹر فلٹریشن پلانٹ اور ایمبولینس سروس کا افتتاح امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر صالح نے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر عقیل احمد خان امیر جماعت اسلامی حیدرآباد ، اعجاز احمد عباسی ایم ایس لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو، سید محمد یونس نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ریجن ،صدر الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد نعیم عباسی ، نائب صدر ڈاکٹر سیف الرحمن ، محمد علی چوہان ، جنرل سیکریٹری محمد سلیم خان، جاوید اقبال سیکریٹری ڈسٹرکٹ ٹریفک کنٹرول کمیٹی حیدرآباد ، ڈاکٹر مجیب کلوڑاے ایم ایس لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال او پی ڈی حیدرآباد ،ڈاکٹر عارف سکندری فوکل پرسن الخدمت لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال حیدرآباداور ٹیم الخدمت فاؤنڈیشن حیدرآباد کے ارکان بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ عوام نے جب بھی عتماد کا اظہار کیا ہم نے شہریوں کو مایوس نہیں کیا بلکہ آج مخالف بھی الخدمت کے کام کی مثالیں دیتے ہیں۔ الخدمت وسیع تر پیمانے پر صحت، تعلیم اور صاف پانی کے شعبہ جات پر کام کر رہی ہے،حیدرآباد کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں الخدمت کے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں جن سے ہزاروں مریض مفت صاف فلٹر پانی سے مستفید ہو رہے ہیں۔شہر کی خدمت کاجب بھی جماعت اسلامی کو موقع ملا جماعت اسلا می نے بے مثال خدما ت کی، مگر صاحب اقتدار حکمران بد عنوانی اور بدنیتی کی داستان بنے ہوئے ہیں اور آج سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں، الخدمت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں پینے کا صاف پانی مریض خرید کر پینے پر مجبور تھے لیکن سول اسپتال حیدرآباد انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے لیے جگہ فراہم کی جس پرالخدمت فائونڈیشن نے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا جس سے او پی ڈی میں آنے والے ہزاروں افراد مفت صاف پانی سے مستفید ہوں گے ہم ایسے واٹر فلٹریشن پلانٹ شہر کے ہر علاقے میں قائم کرنا چاہتے ہیں۔#