حکومت سے چھٹکارا حاصل قومی فرض بن چکا ہے، حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر ،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا اب قومی فرض بن چکا ہے۔حمزہ شہباز نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، ملک میں دہشت گردی دوبارہ سے سر اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر لائے تھے، وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھا شخص اپنی جماعت کو اکٹھا نہیں کرسکا، یہ شخص اپنی انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شخص کو ہمیشہ 6 ماہ بعد اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے، یہ شخص بولتا پہلے ہے سوچتا بعد میں ہے، آپ نے قوم کو جو سبزباغ دکھائے، اللہ نے بے نقاب کردیئے، حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا اب قومی فرض بن چکا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ سب سے بڑا سچ ہے، پارلیمنٹ میں دی گئیں گالیاں اب آپ کا پیچھا کر رہی ہیں، حکومت ہٹانے کیلئے کسی غیر آئینی اقدام کا نہیں کہہ رہا، بلکہ حکومت ہٹانے کیلئے پارلیمنٹ کے اندر جنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کیس کے 16 ملزمان بری ہو گئے، اسی صاف پانی کیس میں شہباز شریف پیش ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے شرمناک شرائط پر معاہدہ کیا گیا، یہ لوگ کشکول لے کر دنیا کے پاس جاتے ہیں۔