مافیا نے عوام کی زندگیاں جکڑ دیں، لیڈر اور اسکے حواری بھی فراڈیے ہیں،خواجہ آصف


سیالکوٹ(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مافیا نے عوام کی زندگیاں جکڑ دی ہیں۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں قید میں تھا جب ہمارا ساتھی ہم سے دور ہوا، ساڑھے 3 سال قائد، اس کی بیٹی اور بھتیجے نے جیل کاٹی، پیپلز پارٹی نے بھی قربانی دی،بینظیر نے بھی قربانی دی۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ ملک کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، حکومت کا کوئی ایک منصوبہ بتا دیں، لنگر خانے ایک ادارہ چلا رہا ہے، تمام مافیا نے عوام کی زندگیاں جکڑ دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنشنرز کا گزارا نہیں ہے، لوگ دوائیں نہیں لے سکتے، سانس لینا دشوار ہو گیا ہے، لیڈر بھی فراڈیا ہے اور اس کے حواری بھی فراڈیے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوام ہنسانے والے اور رلانے والے کو یاد رکھتے ہیں، عمران خان ایک شخص نہیں، کنٹینر والا کوئی اور تھا، وزیراعظم کوئی اور ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک میں عوام کے نمائندے کی حکومت ہونی چاہیے، میں نہیں کہتا کہ ہماری حکومت آئے، کسی کی بھی حکومت آئے لیکن وہ عوام کی حکومت ہو۔