سوڈان،ڈیم ٹوٹنے سے تباہی،20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، 60 افراد جاں بحق،10لاپتہ


خرطوم(صباح نیوز)سوڈان میں ڈیم ٹوٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ،60 افراد جاں بحق اور100سے زائد لاپتہ ہو گئے ،20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

غیر ملکی  خبررساں ادارے کے مطابق سوڈان کے مشرقی بحیرہ احمر میں ارباط ڈیم ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں پانی قریبی دیہاتوں میں داخل ہو گیا، اور متعدد لوگوں کو بہا کر لے گیا، ڈیم سے نکلنے والے پانی نے 20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹا دیئے ۔ ڈیم ٹوٹنے سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔

سوڈان کی مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لئے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس بات کا تخمینہ نہیں لگایا کہ کتنے لاپتہ ہیں تاہم ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ 60 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں ۔ بحیرہ احمر کی ریاست کے آبی وسائل کے سربراہ عمرو عیسیٰ طاہر نے کہا کہ بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ، بہت سے دیگر دیہاتی بڑھتے ہوئے پانی سے بچنے کے لئے پتھریلی پہاڑیوں کی چوٹیوں پر چڑھ گئے ۔