لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کام جمہوریت کو مضبوط کرنا ہوتا ہے کمزور کرنا نہیں،اپوزیشن شورمچا کر عوام کو گمراہ نہ کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے جانے کے طریقے آئین میں ہیں، کسی کو آئینی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی پارلیمنٹ کے اندر نمبر پورے کر سکتا ہے تو انہیں حق ہے ، اللہ سیاسی جماعتوں کو اپنی ذات کے بجائے ملکی مسائل حل کرنے کی توفیق دے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام جمہوریت کو مضبوط کرنا ہوتا ہے کمزور کرنا نہیں، اپوزیشن ملک کو بدلتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے تو شور مچا کر عوام کو گمراہ نہ کرے۔ا نہوں نے کہا کہ پی پی اور (ن) لیگ کے الگ الگ مارچ ہیں، دونوں جماعتیں قوتِ بازو آزمانا چاہتی ہیں تو آزما لیں۔ انہوں نے کہا کہ جو سہولیات عوام کو میسر ہوں گی وہ اپوزیشن کو بھی دیں گے، قانون اور اصول امیر و غریب کے لئے یکساں ہونے چاہئیں۔