ضلع خیبرکے قبائل 2012 سے آئی ڈی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبور

پشاور(صباح نیوز)گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ قبائلی عوام کی ملک وقوم کیلئے گرانقدر خدمات ہیں،قبائلی عوام کی محرومیوں کو ختم  کرینگے،فاٹاانضمام کے بعد بہت سی پیچیدگیوں و مسائل کاسامناہے کرناپڑرہاہے، منتخب عوامی نمائندوں کو خاص طور قبائلی عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرناچاہئے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روز گورنرہاوس پشاور میں ضم ضلع خیبرکوکی خیل قبائل کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں قبائلی رہنما  ملک واحد شاہ ، ملک ناھید شاہ ، خان محمد، ثنااللہ سمیت دیگر مشران شامل تھے۔ قبائل کے متاثرین کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔اور کہاکہ وہ 2012 سے آئی ڈی پیز کی زندگی گزارہے ہیں ، 2017 سے اب تک تقریبا60 فیصد علاقہ کلیئرہوچکاہے لیکن وہ ابھی تک ٹی ڈی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔انہوں نے بتایاصوبائی حکومت مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، مکمل تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ بھی طے ہواتھا تاہم اس پر بھی ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا۔ وفد نے وفاق کے نمائندہ کی حیثیت سے ان کے مسائل وفاقی حکومت کے سامنے رکھنے اور ان کودرپیش مسائل کے حل کیلئے گورنرسے تعاون کی درخواست کی۔

گورنرنے کہاکہ گورنرکا عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے صوبے اور ضم اضلاع کے عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی اور آئندہ بھی متعلقہ فورم پرمسائل کے حل کیلئے اواز اٹھاتارہوںگا۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ کوکی خیل قبائل کے مسائل کے حل کیلئے صدر، وزیراعظم سمیت ہر فورم پر کردار ادا کروں گا۔کمشنر پشاور ڈویژن سے معلومات حاصل کر کے جتنا جلدی ہوسکے کوکی خیل قبائل کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ وفد کے شرکانے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔