راولپنڈی( صباح نیوز) صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ کشمیرکی باغیرت مائیں بزدل ہندوستانی فوج کے ہاتھو ں شہید ہونے والے ہرنوجوان کواپنے بیٹا سمجھتی ہیں اس کی پاداش میں ان کے پورے خاندان تباہ کردئیے جاتے ہیں لیکن غیورکشمیری عوام اپنے مقصد سے ایک لمحہ کے لیے غافل نہیں ہوتے وہ یوم پاکستان پراپنے گھروں میں چراغاں کرتے اورپاکستانی جھنڈے لگاتے ہیں لیکن بزدل پاکستانی حکمرانوں نے عالمی طاغوت کی غلامی میں کشمیرکاسوداکردیا۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے مری روڈ پرمنعقدہ یکجہتی کشمیرریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی،ضلعی سیکرٹری محمدعثما ن آکاش ،نائب امیرضلع سیدعزیرحامد،سیدارشدفاروق نے بھی اظہارخیال کیا۔
صوبائی رہنما قاضی محمدجمیل، رضوان احمد، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،نائب امرائے ضلع سیدعزیرحامد،مرزا خالدمحمود ،امرائے زون سمیت دیگرذمہ داران ،کارکنان اورعوام نے بھی اس موقع پر شرکت کی اورکشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیربنائی گئی ۔
جماعت اسلامی پنجاب کے زیراہتمام صوبے بھرمیں ماؤں ،بہنوں ،بیٹیوں اورمظلوم کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے ریلیوں،آل پارٹیزکانفرنسز،سیمینارزکااہتمام کیا گیا۔اٹک میں یکجہتی کشمیرریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمداورامیرضلع سردارامجدعلی خان نے کہاکہ کشمیر فروشوں کے اقتدارکاسورج بہت جلد غروب ہونے والا ہے ۔ اسلام آباد کے محلات میں بیٹھے بزدل حکمرانوں نے کشمیرکازکوشدید نقصان پہنچایاجماعت اسلامی کشمیری عوام کی پشتیبانی سے کبھی غافل نہیں ہوگی۔
جماعت اسلامی گجرات شہرکے زیراہتمام منعقدہ یکجہتی کشمیرآل پارٹیزکانفرنس میں امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم ،امیرضلع سیدضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ، ضلعی سیکرٹری ڈاکٹرخالد محمودثاقب، امیرشہرچوہدری انصرمحموددھول ایڈووکیٹ سمیت دیگرمذہبی وسیاسی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گجرات شہداء کی سرزمین ہے کشمیر کی آزادی کے لیے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
نائب امیرصوبہ پنجاب ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی نے بھلوال سرگودھا اورامیرضلع میاں اویس قاسم تلہ نے سرگودھا شہرمیں یکجہتی کشمیرریلی کی قیادت کی اورخطاب کیا ۔حافظ فداء الرحمن نے خوشاب،ڈاکٹرنثاراحمدنے بھکر،پروفیسرمحمداشرف آصف نے چکوال ،ڈاکٹرمحمدقاسم چوہدری نے جہلم ،حافظ جاویداقبال ساجد نے میانوالی اورمنڈی بہاؤالدین میں امیرضلع رانا محمداعظم نے یکجہتی کشمیرریلیوں سے خطاب کیا ۔