کراچی(صباح نیوز)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے ساتویں ایڈیشن میں شامل ٹیم ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اور زمبابوے کے سابق وکٹ کیپر بیٹر اینڈی فلاور آئی پی ایل کے لیے پی ایس ایل چھوڑ کر بھارت پہنچ گئے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اینڈی فلاور آئی پی ایل کی بولی میں شرکت کے لیے بھارت روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ آئی پی ایل کی نئی ٹیم لکھنو سپر جائنٹس کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل آکشن میں شرکت کے بعد اینڈی فلاور 13فروری کو دوبارہ پاکستان پہنچیں گے اور کووڈ پروٹوکول کے تحت قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد اپنی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم 10روز تک بغیر کوچ کے ٹورنامنٹ میں شریک ہو گی اور ملتان کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس دوران اینڈی فلاور ٹیم کو ورچوئل طریقے سے دستیاب ہوں گے اور ان کی غیر موجودگی میں ڈپٹی ہیڈ کوچ مشتاق احمد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرائیں گے۔ملتان سلطانز کی ٹیم 5 اور 10 فروری کو پشاور زلمی کے مدمقابل ہو گی جبکہ 11فروری کو ملتان کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا اور اینڈی فلاور اپنی ٹیم کو کراچی کنگز کے خلاف 16 فروری کے میچ سے قبل جوائن کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پوانٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 4 میچز میں 4 فتوحات کے ساتھ اس پر سرفہرست ہے۔