پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے لوگ اپنے حق کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ قدرتی وسائل پر پہلا حق اس علاقے کا ہوتا ہے جہاں سے یہ نکلتے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں گیس ذخائر پر آئین کے مطابق پہلا حق شمالی وزیرستان کے عوام کا ہے۔حکومت علاقے کو گیس کی فراہمی سمیت رائلٹی بھی دے۔ قدرتی گیس کی ترسیل کا مرکز بھی اسی علاقے میں قائم کیا جائے۔ اتمانزئی قبیلہ کے تمام مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں، ہم ان کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ قبائل بالخصوص شمالی وزیرستان عرصہ سے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور گمشدگیوں کی زد میں ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے اعلانات ہوئے لیکن دہشت گردی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ یہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی بدترین ناکامی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے امن کے لیے قربانیاں دی ہیں، ہزاروں لوگ دہشتگردی کے واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حکومت ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے بجائے اضافہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اتمانزئی قبیلہ کے مطالبات تسلیم کرے اور علاقے کو گیس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ رائلٹی بھی جلد از جلد ادا کرے۔