خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں پر توجہ نہیں دے رہی ۔فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ان کے صوبہ  کی  حکومتکھیلوں پر توجہ نہیں دے رہی، وفاق کے متعلقہ اداروں کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ،خیبرپختونخوا کے نوجوان دہشت گردی اور بدامنی کی بدولت بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں اسکواش  کھلاڑیوںکی اسپانسر شپ کے معاہدے کے موقع پر کیا۔

تقریب  سے خطاب میں گورنر نے کہا کہ اسکواش پلیئر نورینہ شمس کی سرپرستی خوش آئند ہے، خیبرپختونخوا کے دیگر نوجوانوں کو بھی اسی طرح کی سرپرستی کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت کھیلوں پر توجہ نہیں دے رہی ہمارے نوجوان اپنی مدد آپ سے کھیل کے میدان میں پاکستان کانام روشن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خییبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیئے گورنر ہاؤس کوشاں ہے، صوبہ کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بچانے کے لیئے تعلیمی ، تفریحی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے، گورنر ہاؤس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ علامہ اقبال اور خوشحال خان خٹک کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیئے اقلیتوں کے  عالمی دن پر پہلی مرتبہ کانفرنس منعقد کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محکمہ جات کے لیئے سوشل ویلفیئر فنڈز کے پچاس فیصد استعمال کو صرف کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی بہبود پر خرچ کرنے کو یقینی بنائے اور اسکی نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے اداروں اور صاحب ثروت افراد کو خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔وزیر اعظم  کے مشیر رانا مشہود نے کہا کہ وزیر اعظم  محمد شہباز شریف نوجوانوں کو ملک کا فعال شہری بنانے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں انکی ہدایات کی روشنی میں خیبرپختونخوا پر گورنرخیبرپختونخوا کی سرپرستی میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا ،

ایک ارشد ندیم کی ہم نے سرپرستی کی اس نے ملک کا نام روشن کیا، ہم ہزاروں ایسے نوجوانوں کی سرپرستی کرینگے تاکہ پاکستان کا نام روشن ہو اور نوجوان معاشی آسودگی حاصل کریں، انہوں نے نیوٹک کی چیئرپرسن گلمینہ بلال احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے انکی محنت اور لگن معاشرے کی بہتری میں مثالی نتائج کی حامل رہی ہے ،قبل ازیں چیئرپرسن نیوٹک گلمینہ بلال احمد نے کہا کہ آج کا یہ معاہدہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی سرپرستی میں بارش کا پہلا قطرہ ہے جس کے لیئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کوشش لائق ستائش رہی ہے،اس موقع پر زکوڑی گروپ اور دیر سے تعلق رکھنے والی اسکواش کھلاڑی نورینہ شمس نے اسپانسر شپ معاہدہ پر دستخط بھی کیئے ۔