پشاور(صباح نیوز) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے قومی ہیرو ارشد ندیم کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عوام کے پیسے کے امین ہیں جو ان پر ہی خرچ کریں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم پورے پاکستان کا فخر ہے ،میں ارشد ندیم کو ذاتی حیثیت سے بطور انعام پیسے دوں گا،سرکاری خزانے کا پیسہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے۔ہم عوام کے پیسے کے امین ہیں،ہم عوام کے ٹیکس کے پیسے ان پر ہی خرچ کریں گے،ارشد ندیم تین دن کیلئے خیبر پختونخوا آئے،میرے صوبے کے کھلاڑیوں کو 3دن کی ٹریننگ دیں۔ہم اپنے شارٹ کیمپ میں ان ایٹھلیٹس کو ٹریننگ دیں گے،ہمارے صوبے میں جیولن کے بہترین کھلاڑی موجود ہے ہیں ،قوم کی نظریں اس وقت نوجوان طبقے پر ہیں۔
نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچا کرکھیلوں کی طرف لانا ہوگا۔ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، ارشد ندیم پاکستان کا فخر ہے، ارشد ندیم کو سرکاری خزانے کے بجائے اپنی جیب سے 50 لاکھ دوں گا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جلد ارشد ندیم کو خیبرپختونخوا میں دعوت دیں گے، نوجوان ہمارا فخر اور ہماری امید ہیں، نوجوانوں نے پاکستان کے مستقبل کو بہتر بنانا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سپورٹس ٹریننگ کی وجہ سے ڈٹ کرکھڑا ہے۔ہمارے نوجوان پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کریں گے، کھیلوں کے لئے بجٹ مختص کیا ہے، نوجوانوں کو مواقع دیں گے۔